لاہور: چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹرراحیل صدیقی کا کہنا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ 2020 تک ٹیکس دہندگان کی تعداد دو لاکھ کرنا ہے۔
لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر راحیل صدیقی کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں ٹیکس دہندگان کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے جب کہ تین سال قبل پنجاب میں ٹیکس دہندگان کی تعداد 8700 تھی۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 86 ارب 60 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 100 ارب روپے تک ٹیکس جمع کرلیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تین سال قبل پنجاب میں ٹیکس کی شرح 43 ارب روپے سالانہ تھی۔
میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پورا ملک دس اپریل کوٹیکس ڈے منائے۔
ڈاکٹر راحیل صدیقی نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس دہندگان کی شرح میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دو سال قبل 22 ضلعوں میں 20 سروسز کا سروے مکمل کرا لیا گیا ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل صدیقی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں ٹیکس کے بارے میں آج تک کوئی سروے ہی نہیں کرایا گیا۔
