اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے لیے آئینی ترمیم کی منظوری دے دی گئی ہے۔
کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں ملکی سلامتی اور معاشی صورتحال سمیت 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس کے دوران فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے لیے آئینی ترمیمی مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے ادویات کی ریٹیل قیمتوں کی منظوری بھی دی، کابینہ کے اجلاس میں مختلف معاہدوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) بورڈ کی دوبارہ تشکیل اورچیئرمین کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آٹھ اور گیارہ مئی اجلاس کے فیصلوں، کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے بارہ اکتوبر 2017 کے فیصلوں اور پاکستان اور بوسنیا کے درمیان دفاعی صنعت میں تعاون کے معاہدے کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ پاکستان اور بزنس فرانس کے درمیان مفاہمتی یاداشت ( ایم او یو ) پر دستخط اور پاکستان اور کرغیزستان میں فاصلاتی تعلیم کے شعبے میں تعاون کی یاد داشت کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے کراچی کی خصوصی عدالت کے جج عبید خان کی مدت ملازمت میں توسیع اور جسٹس ریٹائرڈ شاہد سعید کی بطور چیئرمین کاپی رائٹ بورڈ تعیناتی کی منظوری بھی دی۔
