لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے لیے تین نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں۔ نیا فیلڈنگ کوچ لانے کا فیصلہ قومی ٹیم کے موجودہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کی ٹیم سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔
نئے فیلڈنگ کوچ کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں میں موجودہ ٹرینرگرنٹ لوڈن، سابق انگلینڈ وکٹ کیپر جیمز فوسٹر اورڈین وڈورک کے نام شامل ہیں۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ قوی امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے لیے انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر جیمز فوسٹر کا انتخاب کیا جائے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے عہدہ چھوڑنے کی وجہ نجی مصروفیات بتائی ہیں۔
ہم نیوزکو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے اسٹیو رکسن کو منانے کی کوشش کی تھی اورتوقع تھی کہ فیلڈنگ کوچ اپنا موجودہ کانٹریکٹ مکمل کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو اس ضمن میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ سے اسٹیو رکسن کا معاہدہ 2019 تک کا ہے۔ 64 سالہ فیلڈنگ کوچ 2016 سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ منسلک ہیں۔ اسٹیو رکسن کی کوچنگ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی سمیت دیگرکئی مواقع پر فتوحات حاصل کی ہیں۔
