ابوجا: افریقی ملک نائیجیریا نے بھی کورونا کی 2 ویکسینز تیار کر لیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائیجیریا حکومت کے سیکرٹری بوس مصطفیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ویکسینز تیار کر لی ہیں۔
بوس مصطفیٰ نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسینز کے کلینیکل تجربات جاری ہیں۔ کلینیکل تجربات مکمل ہونے اور منظوری سرٹیفیکیٹ حاصل ہونے کے بعد مقامی ویکسینز کا استعمال شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا یہ کامیابی سائنسی میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گی اور اس سے ملک میں طبی صنعت کے حوصلے بڑھیں گے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ملکی محققین کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: دنیا میں 12 کروڑ 54 لاکھ 24 ہزار سے زائد متاثر
واضح رہے کہ کورونا ویکسین کے سلسلے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر اداروں کے تحت شروع ہونے والے عالمی رسائی پروگرام ’کوویکس‘ کے تحت نائیجیریا آسٹرا زینیکا ویکسین کی 42 لاکھ 24 ہزار خوراکیں وصول کر چکا ہے۔
گزشتہ برس اپریل میں افریقی ملک مڈغاسکر کے صدر آنڈری رجولینا نے کورونا وائرس کی مؤثر دوا کے طور پر مقامی طور پر تیار کردہ ایک مشروب کووڈ آرگینکس لانچ کیا تھا جسے مڈغاسکر کے سائنسی ادارے مالاگاسی انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ ریسرچ نے تیار کیا تھا۔
