عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر اسلام آباد میں ہفتہ اتوار کو مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ،اتوار کو مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔
شہر اقتدار میں اشیائے خورونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہو گی،جب کہ رات 10 بجے کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر پابندی ہو گی۔
اسلام آباد : کورونا کی تیسری لہر کی شدت میں اضافہ
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر کی ٹوئٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک دن میں 7.7 کی شرح سے 620 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت میں کورونا کے مجموعی کیسز پچاس ہزار سے بڑھ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں اب تک کورونا سے 536 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
