اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کی پرزور مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوازم انصاف پر حاوی ہے، بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر بھارتی جمہوری چہرے پر بدنما داغ کے طور پر رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، بھارت نے1947 سے مقبوضہ کشمیر کے متعدد حصوں پرغیر قانونی قبضہ کررکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا دوٹوک اور واضح موقف ہے، پاکستان کی جانب سےجاری کیا گیا سیاسی نقشہ اس کے پختہ عزم کاعکاس ہے۔
