کراچی: ڈرائیونگ لائسنس تجدید فیس میں اضافہ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے خلاف آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
اس حوالے سے صدر آل پاکستان گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن رانا محمد اسلم کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کا ہنگامی اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلم رانا نے کہا کہ ملک بھرمیں بڑی گاڑیوں کی ڈرائیونگ لائسنس فیس کی تجدید میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس تجدید فیس 18 سو روپے سے بڑھاکر 18 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔
رانا محمد اسلم نے کہا کہ ایکسل لوڈ ایس آر او کے حوالے سے 2 ہزار روپے جرمانے پر حکومت اورموٹروے پولیس خود عمل درآمد نہیں کررہی ہیں۔ ایک روز میں ہائی وے پر جرمانوں کی فیس میں غیرمعمولی اضافہ کردیا گیا۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/223501/” position =”left”]
انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس نے فوری عمل درآمد کے نام پر بھاری جرمانے کرنا شروع کردیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس فیس، ایکسل لوڈ جرمانہ اور لائسنس تجدید فیس کو فوری واپس لیا جائے۔
رانا محمد اسلم نے کہا کہ حکومت نے مطالبہ منظور نہیں کیا توٹرانسپورٹرز ملک گیرسطح پر ہڑتال کریں گے۔
خیال رہے کہ پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے دو جنوری کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی۔ تاہم گورنر پنجاب چودھری سرور سے مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے 31 جنوری تک ہڑتال موخر کردی ہے۔
