اسلام آباد: قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ ایک سال کے دوران کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 29 واقعات درج ہوئے۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں جرائم کی شرح کے حوالے سے تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا۔
تحریری جواب میں قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ مذکورہ مقدمات میں ایک ملزم کو سزا ملی، 24 زیرسماعت ہیں جبکہ چار پر تفتیش جاری ہے۔
وزرات داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں سال 2018 میں 210 جبکہ 2019 میں 199 گاڑیاں چوری ہوئیں، 2018 میں رہزنی کے 484 جبکہ 2019 میں 423 واقعات پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس :نئے آئی جی سے جرائم کی شرح چھپانے کے لیے انوکھا حربہ
2018 میں 125 اور 2019 میں 117 اغوا کے مقدمات درج ہوئے۔ پچھلے سال 121 جبکہ اس سال 104 افراد قتل ہوئے۔
اسی طرح گزشتہ برس چوری کے 421 جبکہ رواں برس 376 واقعات رونما ہوئے، ان اعدادوشمار کی روشنی میں وزارت داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے
