اسلام آباد:جعلی بینک اکائونٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس کے ایم سی اور میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم لیاقت قائم خانی کو جسمانی ریمانڈ کے لیے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کرے گی۔
واضح رہے قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی کی ٹیم نے کراچی میں میئر کراچی وسیم اختر کے مشیر لیاقت قائم خانی کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کا سامان برآمد کیا تھا۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/199673/” position =”left”]
ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی ٹیم نے کراچی میں سابق ڈی جی پارکس سندھ لیاقت قائمخانی کے گھر پر چھاپہ کر کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں، بانڈز اور جائیدادوں کے دستاویزات برآمد کر لی ہیں۔
نیب کے چھاپے کے دوران ملزم کے گھر سے 8 لگژرری گاڑیاں، جدید اسلحہ ، سونا، قیمتی زیورات، کراچی اورلاہور کے بنگلوں کے دستاویزات، کے ایم سی کی اصل فائلز برآمد کی گئی ہیں۔
یاد رہے نیب کی ٹیم نے گزشتہ دنوں بلدیہ عظمی کراچی کے دفتر پر چھاپہ مار کر لیاقت قائم خانی کو حراست میں لیا تھا۔
لیاقت قائم خانی کو ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایم سی میں بطور مشیر تعینات کیا گیا تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی پر باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش کے نام پر کروڑوں روپے کی غبن کا الزام ہے۔

