ہری پور: خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل غازی میں مسافر کشتی الٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ کشتی میں 50 سے زائد افراد سوار تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کشتی الٹنے کا واقعہ تربیلا جھیل میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ 2 خواتین سمیت 6 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، ڈوبنے والے دیگر افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن میں 1122، ایدھی کے اہلکار اور آرمی کے جوان شامل ہیں، تربیلا جھیل کھلا بٹ کے مقام پر ریسکیو کیمپ بھی لگا دیا گیا ہے اور ملنے والی لاشوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر کھلابٹ ریسکیو آپریشن منتقل کیا جا رہا ہے۔ جہاں سے ٹراما سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
ضلعی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی نمبر بھی جاری کر دیا گیا جہاں سے لواحقین کو معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حادثے میں ڈوبنے والے 15 سے زائد افراد نے تیر کر اپنی جان بچائی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کشتی شانگلہ سے ہری پور جا رہی تھی کہ دربند کے قریب حادثہ پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں سوار افراد کا تعلق شانگلہ کے مختلف علاقوں بہار، بیڑ، ہاشمی خیل، دیدل جماچ اور دیگر علاقوں سے ہے۔
