جہلم: جشن جہلم فیسٹیول کے دوسرے روز معروف اور مقامی گلوکاروں نے روایتی گیتوں سے سماء باندھ دیا ہے۔
جہلم کے ضمیر جعفری کرکٹ اسٹیڈیم میں تین روزہ جشن فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مقامی لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
فیسٹیول کے دوسرے روز نامور گلوکارہ بختاور نے مختلف زبانوں میں روایتی گیت پیش کئے، اس کے علاہ مقامی گلوکاروں نے سرائیکی زبان میں روایتی گیت اور رقص پیش کرنے کا بھی شاند ار مظاہرہ کیا ہے۔
فیسٹیول میں جہلم اور گردونواح کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغموں پر پرفارمنس کے ذریعے پاکستان سے پیار کا اظہار کیا اور ناظرین سے خوب داد وصول کی۔
اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں صوبوں کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔ قومی پرچم کے رنگ میں رنگی ننھی پریوں نے بھی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لیے۔
میلے کی رونق بڑھانے کے لیے پنجاب کا روایتی رقص جھومر بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
جشن میں مزاحیہ اسکٹس بھی پیش کیے گئے جن سے شرکاء خوب لطف اندوز ہوئے۔
اسی حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی سوشل میڈیا پر فیسیٹول میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کی ویڈیو شئیر کی اور لکھا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ جہلم میں اتنا بڑا میلہ لگا، ورنہ ایسے میلے صرف بڑے شہروں کی ہی روایت بن گئے تھے۔
جشن جہلم! مجھے بہت خوشی ہے کہ جہلم میں اتنا بڑا میلہ لگا، ورنہ ایسے میلے صرف بڑے شہروں کی ہی روائت بن گئے تھے، pic.twitter.com/VQ7ESxiNmZ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 6, 2019
مقامی لوگوں کی بڑی تعداد فیسٹیول میں شرکت سے نہ صرف خوب لطف اندوز ہورہی ہے بلکہ وہ اس میں حصہ لینے والوں کو بھی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
فیسٹیول کے پہلے دن معروف گلوکار عارف لوہار کی پرفارمنس کو ناظرین نے بہت پسند کیا اور انہیں خوب داد دی۔ ماحول کو مزید پرجوش بنانے کے لیے نوجوان ڈھول کی تھاپ پررقص کرتے رہے۔
