اسلام آباد: لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹرپرمقامی آبادی کی زندگیاں اور کاروبار بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کامسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔
پروگرام پاکستان ٹونائٹ کے میزبان ثمرعباس نے لائن آف کنٹرول پربھارتی فائرنگ اور شیلنگ سے متاثرہ بٹل سیکٹرکا دورہ کیا جہاں جگہ جگہ بھارتی فائرنگ کے نشانات ہیں، متاثرین نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے بٹل سیکٹرپرمقامی آبادی کی زندگیاں انتہائی مشکلات کاشکارہیں، وہاں سے شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنایا جاتا ہے۔
بھارتی فائرنگ کی باعث مقامی لوگوں کے گھروں پر جگہ جگہ مارٹرگولوں اور فائرنگ کے نشانات ہیں۔ بھارتی فورسز کی جانب سے کھڑی فصلیں ضائع ہوتی ہیں، مویشیوں کا بھی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے تاہم اس کے باوجود مقامی لوگ پرعزم ہیں کہ ان مظالم کے باوجود علاقے کوخالی نہیں کریں گے۔
ہائی اسکول گرلز بٹل کی طالبات نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ کے باوجود تدریسی عمل جاری رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود یہ زندگی کا حصہ بن گیا ہے، ہم بھارتی حملوں سے نہیں ڈرتے، خوف کے باوجود تعلیم کا سلسلہ ترک نہیں کریں گے۔
تاجروں نے بتایا کہ بھارتی فائرنگ سے کاروبارمسلسل متاثر رہتا ہے، معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، عارضی طورپردکانیں بندکی جاتی ہیں لیکن انہیں پھر کھول دیاجاتا ہے۔
متاثرین نے بتایا کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کونشانہ بنایا جاتا ہے، جس کے جواب میں ہماری فوج کی جانب سے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
یادرہے کہ یہ وہی سیکٹر ہے جہاں گزشتہ سال بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ کرکے ایک اسکول وین کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نیتجے میں وین ڈرائیورشہید ہوگیا تھا۔
