لندن: وزیراطلاعات چودھری فواد حسین کا کہنا ہے کہ چووروں کی سزا کی بات کرتے ہیں تو اپوزیشن منہ پھلا لیتی ہے۔ ملک کو اس نہج پر لانے والے حکومت کو لیکچر دیتے ہیں۔
لندن آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب پر لوگوں کی گھبراہٹ دیکھ کر اوورسیز پاکستانی خوش ہیں۔
فواد چودھری نے انتخابات میں کامیابی پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الیکشن مہم میں ساتھ دینے پر اوورسیز کمیونٹی کا مشکور ہوں۔ اب وقت آگیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی توقعات پوری ہوں۔
وزیر اطلاعات نے وزیر خزانہ اسد عمر کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ اپنی بھرپور صلاحیتوں اور محنت کے ساتھ بہترین قومی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
فواد حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وزیر خزانہ اسد عمر کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدات میں کمی آئی ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/66876/” position =”left”]
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کی رائے میں نوازشریف اور آصف زرداری نے اپنے آخری الیکشن لڑ لیے۔
کرتار پور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن کی سکھ کمیونٹی کرتارپوربارڈر کھلنے پر بہت خوش ہے۔
وزیر اطلاعات کا دعویٰ تھا کہ حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ہے، اور سب سے بڑا چیلنج وعدوں کی تکمیل ہے۔
وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کروائی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت میں پاکستان کی سیاست کی طرح مثبت تبدیلی آئے گی۔
