اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 35 سال سے کم 13 کڑور آبادی ملک کا اہم اثاثہ ہیں، نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور انہیں بہتر تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے ہر شعبے میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں خیبر پختونخوا کی گزشتہ حکومت کے دوران نوجوانوں کے لیے کیے گئے اقدامات کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا جائےگا اور ساتھ ہی ساتھ آئندہ حکومتی پالیسیاں نوجوانوں کی آراء اور تجاویز کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے مرتب کی جائیں گی اور اس کے لیے حکومت ایک جدید پورٹل کا قیام عمل میں لائے گی۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//latest/77187/” position =”left”]
اجلاس میں چیئرمین یوتھ پروگرام محمد عثمان ڈار اور وزیرِ اعظم کے معاونین نعیم الحق اور افتخار درانی کے ساتھ سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 13 کروڑآبادی 35 سال سے کم ہے اور ان کی تعلیم و تربیت اور بہتر روز گار کے لیے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پچھلی حکومتوں کی جانب سے شروع کیے گئے یوتھ پروگرامز اپنا مقصد پورا کرنے میں ناکام رہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی کامن ویلتھ یوتھ گلوبل ڈولیپمنٹ اینڈیکس رینکنگ میں سال 2013 کے بعد 89 نمبر سے 154 نمبر تک تنزلی دیکھنے میں آئی۔
انڈیکس کے مطابق تعلیم، صحت اور سیاسی عمل میں پاکستانی نوجوانوں کی شمولیت نہایت کم ہے جس میں اضافے کے لیے ایک جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔
