اسلام آباد: پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والے مدد میں اضافہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
اپنے پیغام میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ حکومت کے احکامات اور عوامی امنگوں کے پیشِ نظر اس امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امداد کے اضافے سے ہم نے یہ پیغام بھیجا ہے کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کی مدد کے لیے تیار ہے اور جب بھی فلسطین کو ہماری مدد کی ضرورت ہوگی ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اضافی مدد سے فلسطینی بچوں کے سکول کھلے رہیں گے اور ان کے کلینک بند نہیں ہو سکیں گے۔
فلسطینی مہجارین کی امداد کرنے والے ایجنسی نے پاکستان کی فراخ دلی کو سراہا، فلسطینی کمشنر جنرل انروا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اور ہر فورم پر فلسطینی لوگوں کی حمایت کی ہے۔
