لاہور: قائد اعظم ایک روزہ کرکٹ کپ کے فائنل میں حبیب بینک کی ٹیم نے واپڈا کو 62 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
اتوار کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حبیب بینک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔
زوہیب خان 68 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے، رمیز عزیز نے 55 جبکہ عمر اکمل نے 49 رنز بنائے۔
واپڈا کو میچ جیتنے کے لیے 292 رنز کا ہدف درکار تھا تاہم ان کی پوری ٹیم 229 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
HBL win the final of Quaid-e-Azam Cup One Day 2018-19 🏆 . It's the 15th List A title win for HBL 🎉 #QEA18 #WAPDAvHBL pic.twitter.com/tJYtV02wSi
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 4, 2018
واپڈا کی جانب سے سلمان بٹ نے 56 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے کے کام نہ آئی۔ ٹیم کے دوسرے کھلاڑی رفعت اللہ نے 51، محمد اخلاق نے 30، زاہد منصور نے 21 اور ایاز تصور نے 20 رنز بنائے۔
حبیب بینک کی جانب سے عماد بٹ نے تین جبکہ خرم شہزاد اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قائداعظم ون ڈے کپ کے مہمان خصوصی چیئرمین پی سی بی احسان مانی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات بھی تقسیم کیے۔
زوہیب خان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ سلمان بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
