لاہور: پنجاب حکومت نے پیٹرول سبسڈی پروگرام کے تحت عوام کے لیے آن لائن درخواست دینے کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا۔
حکام کے مطابق شہری سرکاری ویب سائٹ mkb.punjab.gov.pk کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن کر سکتے ہیں، جہاں سب سے پہلے اکاؤنٹ بنانے کے لیے ذاتی معلومات درج کرنا ہوں گی۔ رجسٹریشن کے بعد موبائل پر موصول ہونے والے او ٹی پی کے ذریعے اکاؤنٹ کی تصدیق کی جائے گی۔
اکاؤنٹ بننے کے بعد شہری دوبارہ لاگ اِن کر کے رجسٹر نیو کمپلینٹ (Register New Complaint) کے آپشن کے ذریعے درخواست جمع کروا سکیں گے، جہاں “مریم کو بتائیں” پورٹل منتخب کر کے سبسڈی کے لیے اپلائی کیا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان کو اپنی گھریلو مالی صورتحال سے متعلق مختصر تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔ جبکہ درخواست جمع ہونے کے بعد تصدیقی پیغام بھی موصول ہو گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور سبسڈی کے عمل کو شفاف اور آسان بنانا ہے۔
