کراچی کے علاقے جٹ لائن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار غلام محمد شہید ہو گئے ہیں۔
شہید افسر الٹی میدان تھانے میں تعینات تھے۔ جائے وقوعہ پر پولیس کی تفتیشی ٹیم شواہد اکھٹے کررہی ہے۔
نمائندہ ہم نیوز محمد عارف کے مطابق ملزمان کی جانب سے پولیس افسر پر دو گولیاں چلائی گئی تھیں۔ ایک گولی گردن میں سےگزر کر سر میں لگی جس کے باعث غلام محمد کی موت واقع ہوئی۔
جرم کی یہ واردات پان کے ایک کیبن پر ہوئی جہاں شہید افسر سگریٹ یا پان لینے کیلئے رکے تھے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے۔
عینی شاہدین کےمطابق موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے پولیس افسر کے پاس آکر پوچھا کہ’کیا آپ ہمیں جانتے ہیں‘، جس کے بعد فائرنگ کردی۔
شہید پولیس افسر الٹی میدان تھانے میں شعبہ تحقیق سے وابستہ تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔