کراچی میں آج بھی انٹرمیڈیٹ کا پرچہ آؤٹ


کراچی: کراچی میں آج پھر انٹرمیڈیٹ کا پرچہ آؤٹ ہو گیا۔ پرچہ شروع ہونے 40 منٹ قبل سوشل میڈیا پر آ گیا۔

انتظامیہ امتحانات میں نقل کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ انٹرمیڈیٹ کا آج ہونے والا کیمسٹری کا امتحانی مراکز پہنچنے سے قبل ہی نقل مافیا کے ہاتھ چڑھ گیا۔

انٹرمیڈیٹ کا پرچہ شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر جوابات کے ساتھ موجود تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی انٹرمیڈیٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کی خبر میڈیا کی زینت بنتی رہے ہے تاہم بورڈ حکام اور حکومت کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

سندھ بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل مافیا کا راج بدستور برقرار ہے اور پرچے کمرہ امتحان میں پہنچنے سے قبل سوشل میڈیا پر آؤٹ  ہونے کی شکایات سامنے آرہی  ہیں۔

اس سے قبل بھی سکھر بورڈ کے زیرانتظام گھوٹکی میں 22 اپریل کو ہونے والا کمیسٹری کا پرچہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر500 میں فروخت کیا جاتا رہا اور سوشل میڈیا پر بنائے گئے گروپس میں بھی دستیاب تھا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز، میڈیا پر پابندی

انتظامیہ ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے باوجود نقل کی روک تھام میں ناکام اور بوٹی مافیا کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔

کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز 15 اپریل سے شروع ہوا جب کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے امتحانات کی کوریج کرنے پر میڈیا پر مکمل طور پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

انٹرمیڈیٹ بورڈ کی زیر نگرانی ہونے والے امتحانات میں تقریبا دو لاکھ 15 ہزار 800 سو طلبہ و طالبات رجسٹرڈ ہیں۔ پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، جنرل سائنس، ہوم اکنامکس، میڈیکل ٹیکنالوجی، کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات لیے جا رہے ہیں۔

امتحانات کیلئے صبح اور شام کی شفٹ میں مجموعی طور پر188 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ صبح کی شفٹ میں ایک سو تین جب کہ شام کی شفٹ میں 85 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ کراچی میں 59 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں