اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے وزیر اعظم ہاؤس کا دورہ بھی کیا جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔
سیلاب زدگان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کے ساتھ مزاحمت کی جاسکتی ہے، پاکستان میں پاک فوج اور متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہیں۔ پاکستان وہ ملک ہے جس نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے قریب ہے اور متاثرین کے لیے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں، ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بھرپور مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہمی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔ میں پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہوں اور پاکستان سے شناسائی طویل عرصے سے ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میں بلاشبہ صورتحال سنگین ہے اور بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت تمام ممالک کو کام کی ضرورت ہے اور اگر آج پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہے تو کل کوئی اور ملک ہو گا۔ ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔
اس دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سیلاب زدگان سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان آئے ہیں اور دورہ پاکستان کے دوران وہ سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کریں گے۔
UN Secretary General Antonio Guterres has reached Pakistan on a 2-day solidarity visit amidst the catastrophic situation caused by floods in Pakistan. @UN pic.twitter.com/MfiLUT8pwQ
— The Daily CPEC (@TheDailyCPEC) September 9, 2022
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں یک جہتی کے اظہار کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کسی شخص کو نااہل کرکے اور جیل بھیج کر سیاست ختم نہیں کرسکتے، شیخ رشید
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ایسے موقع پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ ان کے دورے سے سیلاب متاثرین کے مسائل اور مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 160 ملین ڈالر کی فلیش فلڈ اپیل جاری کی ہے۔
