اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل کا بیان عمران خان اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ لسبیلہ کے شہدا کے خلاف پی ٹی آئی نے کمپین کی اور شہدا کے لواحقین کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ شہباز گل نے ایک چینل پر فکس پروگرام کیا اور شہباز گل نے جو کہا وہ دراصل عمران خان اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سارے سیاستدانوں نے سیاست میں مداخلت پر کہا لیکن کسی سیاستدان نے فوج کو اپنی قیادت کے خلاف نہیں اکسایا۔ 9 اگست کو شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج کر کے 24گھنٹے میں انہیں گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے بعد شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیمرا نے عمران خان کی تقاریر براہ راست دکھانے پر پابندی لگا دی
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب شہباز گل کو عدالت میں پیش کیا گیا تو وہ مسکراتے ہوئے عدالت آئے اور شہباز گل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے تشدد کی کوئی بات نہیں کی جبکہ 11 اگست کو طبی معائنہ کیا جس میں کسی تشدد کا ذکر ہے نہ شہباز گل نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سب سے تسلی کی ہے کہ اپنے طور پر بھی معلومات لیں اور بطور وزیر کہتا ہوں کہ شہباز گل پر پولیس حراست کے دوران کوئی تشدد نہیں ہوا۔ 17 اگست کو جب شہباز گل کا دوبارہ ریمانڈ دیا گیا تو ان کی حالت خراب ہوئی لیکن اس میں تشدد کی بنیاد پر صحت کی خرابی سامنے نہیں آئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 دن اڈیالہ جیل اور 3 دن پولیس کسٹڈی میں رہے اور مسلم لیگ ن بطور جماعت کسی قسم کے تشدد کے خلاف ہے کیونکہ تشدد آئین کی خلاف ورزی ہے ہم کسی طور پر اس کے حق میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہماری ساری لیڈر شپ جسمانی اور ذہنی ٹارچر کے زیر اثر ہے۔ اب آپ نے جو ڈرامہ کیا ہے کم از کم قوم سے معافی مانگ لیں۔
