کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام زرداری مافیا سے آزادی چاہتے ہیں۔ میرا پہلا ٹارگٹ آصف علی زرداری ہو گا۔ عدم اعتماد اپوزیشن والوں کی سیاسی موت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری مافیا سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم کر رہا ہے اور پاکستان میں سندھ سب سے زیادہ تبدیلی چاہتا ہے۔ 14 سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے تو دورہ کر لیا لیکن اب اگلی باری میں اندرون سندھ کا دورہ کروں گا۔ سندھ کے عوام سے کہتا ہوں آپ کی آزادی کا وقت آ گیا ہے۔ کراچی میں وہ کام کریں گے جو آج تک کسی نے نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد چور اکھٹے ہوتے ہیں کہ آج حکومت گئی کل گئی۔ ڈاکوؤں کے گلدستے کو خود آنا شروع ہو گیا ہے۔ میں سوچ رہا تھا کہ اپوزیشن کی گردن کسی طرح میرے ہاتھ آ جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد میں ان کے پیچھے جاؤں گا اور میرا پہلا ٹارگٹ آصف علی زرداری ہو گا۔ یہ چوری کرتا ہے، ظلم کرتا ہے، کمیشن کھاتا ہے۔ آصف زرداری تمھارا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے ایک رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ مجھے 20 کروڑ روپے کی آفر ہوئی ہے تو میں نے کہا کہ پکڑ لو پیسے، ویسے بھی یہ حرام کا پیسہ ہے۔ اس کے بعد کوئی پناہ گاہ کھول دینا، کوئی لنگر خانہ کھول دینا ،کوئی یتیم خانہ کھول دینا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک صحیح راستے پر نکل آیا اور ہر مشکل میں ہماری حکومت نکلتی گئی۔ اپوزیشن والوں نے وہ کام کیا جو میں اللہ سے مانگ رہا تھا۔ ڈاکوؤں کو نہیں پتہ کہ ہم نے کتنے بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو خدا کا واسطہ ہے کہ اپنے بیٹے کو اردو تو سیکھا دو۔ 15 سال ہو گئے اب بھی بارش آتا ہے اور چینی اُگتا ہے۔ میں نے انگریزوں کو دو سال میں اردو سیکھتے دیکھا ہے۔ یہ چوروں کا ٹولہ ملک کو بچانے کے لیے نکلا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد اپوزیشن والوں کی سیاسی موت ہے۔ میں ڈاکوؤں اور چوروں کے خلاف گزشتہ 25 سال سے جدوجہد اور جہاد کر رہا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے میری دُعائیں قبول کر لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک بڑے عظیم خواب کا نام ہے اور اس ملک بننے کا جو نعرہ تھا وہ یہ تھا کہ اللہ کے سوا ہم کسی کے سامنے نہیں جھکتے۔ زرداری اور نواز شریف کے اقتدار میں ہوتے ہوئے ملک میں 4 سو ڈرون حملے ہوئے لیکن ایک دفعہ یہ نہیں بولے بلکہ تحریک انصاف باہر نکلی اور ڈرون کے خلاف دھرنے دیئے تھے۔ پاکستان کو سب سے دوستی کرنی چاہیے ہم کسی کے خلاف نہیں لیکن میں اپنی قوم کے مفادات کے خلاف کسی کو کارروائی نہیں کرنے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم کسی جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ اگر یہ امن کے لیے نکلیں گے تو میں ان کے ساتھ نکلوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں پیٹرول اور فضل الرحمان دبئی سے زیادہ سستا ہے اور ہم نے 20 روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا۔
وزیر اعظم نے فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ڈیزل تم بھی تیار ہو جاؤ۔ مقصود چپڑاسی والے تمھارا وقت بھی آ گیا ہے۔ ہم نے ان بڑے چوروں کو پاکستان کی جیلوں میں پہنچانا ہے جہاں انہیں بہت پہلے پہنچ جانا چاہیے تھا۔
