قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی۔
اپنے ویڈیو میں پیغام میں انہوں نے کہا کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، میں اپنی فیملی، پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کہ گزشتہ سال مجھ سے غلطی ہوئی جس سے میرے کیریئر اور کرکٹ کو نقصان ہوا، کچھ لوگوں نے مجھ سے فکسنگ کے لیے رابطہ کیا لیکن میں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو نہیں بتایا۔
عمر اکمل نے جرمانے کی رقم پی سی بی کو ادا کر دی
انہوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ کرکٹ سے دوری میرے لیے بہت بڑا نقصان تھا۔
عمر اکمل نے تمام کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ آپ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مشکوک شخص آپ سے رابطہ کرے تو فوری پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں تاکہ آپ کا دامن اور کرکٹ کیریئر پاک رہے۔
