جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نااہلی اور نالائقی کی بنیاد پر مین آف دی ایئر ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نااہل ترین حکمران ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال کی پانچ سو بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں وزیراعظم عمران خان کو ’’مین آف دی ایئر‘‘قرار دیا گیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے تنقید کی ہے۔
اردن کے ’’دی مسلم 500‘‘ نے دنیا کے پانچ سو بااثر افراد کی فہرست جاری کی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، معروف مذہبی اسکالر مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، مولانا الیاس قادری، جاوید غامدی اور ملالہ یوسفزئی بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف، فضل الرحمان ملاقات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق
پہلی 50 شخصیات کا تعلق مذہبی اسکالرز اور سربراہان مملکت سے ہے جبکہ 450 شخصیات سیاسی، سماجی اور میڈیا سمیت 13 کیٹیگریز سے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان بھی مذکورہ فہرست میں شامل ہیں۔ خیال رہے مولانا فضل الرحمان اس سے قبل بھی وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے رہے ہیں۔
