لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیراہتمام ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سپلیمنٹری امتحانات عید کے بعد ہوں گے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اعلامیہ کے مطابق فیصلہ وائس چانسلر یوایچ ایس پروفیسرجاوید اکرم کی ہدایت پرکیا گیا ہے۔
یونیورسٹی اعلامیہ کے مطابق ملتوی کیے گئے سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہوں گے ۔ امتحانی شیڈول یونیورسٹی ویب سائٹ پرجاری کردیا گیا ہے۔
آج قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام بورڈز کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا
اجلاس کے بعد وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ قبل ازیں 13 مئی کو تعلیمی ادارے کھولنے جب کہ جون اور جولائی میں امتحانات لینا کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہونے کے سبب ایسے فیصلے لینے پڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان
وزیرتعلیم نے بتایا کہ اگلی جماعت میں پروموشن گزشتہ نتائج اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔ خیال رہے کہ حکومت26مارچ کو تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
شفقت محمود نے کہا کہ چھٹیوں کوموسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے۔ اگر کورونا وائرس کا مسئلہ حل ہوگیا تو تعلیمی ادارے جون میں دوبارہ کھل جائیں گے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں9مئی سے لاک ڈاؤن کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاہم ٹرانسپورٹ کے متعلق صوبوں اور وفاق میں اتفاق نہیں ہو سکا۔
وفاقی وزیراسد عمر نے بتایا کہ دکانیں سحری سے شام 5بجے تک کھلی رہیں گی تاہم رات کو دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام چھوٹے کاروبار اور دکانیں ہفتے میں 2دن بند کیے جائیں گے۔
