ریاض: سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کے لئے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کو صفائی کے عمل کے بعد وقفے وقفے سے کھولنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاہم عمرہ پر پابندی تک مطاف کی جگہ مستقل بند رہے گی۔
سعودی عرب میں حرمین الشریفین کی انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے دونوں مقدس مساجد کی مسلسل صفائی اورفرض نمازوں سے خارج اوقات میں انہیں جراثیم سے پاک صاف رکھنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاک ایران سرحد پہ زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری
انتظامیہ کے عہدیدار نے مزید بتایا تھا کہ جب تک عمرہ بند رہے گا تب تک خانہ کعبہ کے اطراف طواف والا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ بھی بند رکھا جائے گا۔ عمرے پر پابندی کے دوران نمازیں صرف مسجد کے اندر ہوں گی۔
انتظامیہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی کہ سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی کا فیصلہ مکہ مکرمہ شہر کے تمام باشندوں پربھی لاگو ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی احرام پوش کو مسجد الحرام اور اس کے اطراف صحنوں میں داخل ہونے کی اجازت کسی بھی حالت میں نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے ایئرلائنز کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا
ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا تھا کہ اعتکاف اور مسجد میں بستر ڈالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کھانے پینے کی اشیا لے جانے کی بھی ممانعت ہوگی اور آب زمزم کی سبیلیں بھی بند کردی جائیں گی۔
انتظامیہ کے عہدیدار کے مطابق احتیاطی تدابیر کے تحت روضہ شریفہ سمیت مسجد نبوی کا پرانا والا حصہ بھی بند کردیا جائے گا جبکہ جنت البقیع بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے حکومت نے گذشتہ روز سعودی عرب میں مسجد الحرام کے مطاف اور مسجد نبوی کو کورونا وائرس کے انفکیشن سے بچاؤ کے لیے صفائی کی غرض سے بند کر دیا تھا۔
