اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کور گروپ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں آج طلب کیے گئے اجلاس میں کور گروپ میں شامل تمام افراد کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی امور سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی بھی کشمیر کے ساتھ کھڑا ہو یا نا ہو، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ کابینہ نے جمعتہ المبارک کو قومی یکجہتی منانے کے فیصلے کی توثیق بھی کی۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ فارن آفس میں کاغذات کی تصدیق کے لیے قطار میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔ وزیر ہوابازی نے کابینہ اجلاس میں تجویز دی کہ محکمہ موسمیات کے سسٹم کو کسانوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیا جائیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف تقرریوں کی منظوری بھی دی گئی اور کامیاب جوان پروگرام کے لیے فنڈز کی منظوری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بیرون ملک سے انے والی ترسیلات زر پر کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی تاکہ ہنڈی کا خاتمہ کیا جاسکے۔
اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے لیے اراکین کے تقرر کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں بیرون ملک پاکستان مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تقرری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں کنڑیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نےخواجہ سراؤں کے بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلیے ہدایت دی۔
انسانی حقوق کی وزارت کو باور کرایا گیا ہے کہ خواجہ سراؤں کے تمام بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بھیک نہ مانگنی پڑے۔
