اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں یکم مئی کو مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے، ان کی داد رسی کی جاتی ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا جاتا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق دیگر ممالک کی طرح وطن عزیز کے بھی تمام شہروں اور قصبوں میں سیاسی جماعتوں، محنت کش یونینوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے موقع کی مناسبت سے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
[post-relate link=”https://humnews.pk//blogs/29431/” position =”right”]
پاکستان میں یوم مزدور کے حوالے سے یکم مئی کو اسٹیٹ بینک، بینکنگ سروسز آف پاکستان، تمام شیڈولڈ بینکوں اور مالیاتی اداروں کے علاوہ اسٹاک ایکسچینج مارکیٹس اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یوم مزدور کی تعطیل کے باعث یکم مئی کو کسی قسم کا لین دین نہیں ہوگا۔
یکم مئی 1886 کے دن امریکہ کے شہر شکاگو کی فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام کرنے والے مزدوروں نے غیرانسانی اوقات کار، حالات کار اور اجرتوں میں اضافے جیسے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پر امن جدوجہد کا آغاز کیا۔
1889 میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ہوا اور 1890 سے اس دن کو دنیا بھر میں منانے کا آغاز ہوا۔
یکم مئی کے حوالے سے آج دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عام تعطیل ہے لیکن مزدور آج بھی سال کے باقی دنوں کی طرح اپنی اور اپنے گھروالوں کی پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے روز کی طرح خون پسینہ ایک کرے گا۔
