اسلام آباد: مسلمانوں کے قبلہ اول کی زیارت اورمسجد اقصیٰ میں عبادت بلاشبہ ہر مسلمان کے دل کی خواہش، تمنا اور آرزو ہوتی ہے۔ یہ کہنا بھی غلط نہیں ہے کہ جب دل میں حقیقی ’تڑپ‘ جاگتی ہے تو رحمت ایزدی جوش میں آتی ہے اور دل کی تمام مرادیں بر آتی ہیں۔
ایسا ہی کچھ دو دن قبل اس وقت ہوا جب فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی ریما خان کو اپنے خاوند ڈاکٹر طارق شہاب کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کی زیارت نصیب ہوئی اور وہاں عبادت کرنے کا موقع میسر آیا۔
پاکستان کی ممتاز فنکارہ جنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا جا چکا ہے، نے اپنے دورہ مسجد اقصیٰ کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پہ پوسٹ کیں تو وہ وائرل ہوگئیں۔
مسجد اقصیٰ وہ افضل و اعلیٰ مقام ہے جو نہ صرف مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، دیگر مذاہب کے لیے بھی مقدس ترین جگہ ہے بلکہ شب معراج کے سفر میں رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا پہلا پـڑاؤ بھی ہے۔
اسی مقدس مقام کے متعلق ہے کہ تمام انبیائے کرام علیہ السلام کی نماز کی امامت آپﷺ نے فرمائی تھی جس کی وجہ سے آخری نبی ﷺ کو امام الانبیا کہا گیا۔
اداکارہ ریما خان نے مسجد اقصیٰ کی زیارت ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے وہاں خصوصی عبادات کیں اور نوافل بھی ادا کیے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں مسجد اقصیٰ کی مختصر تاریخ اور فضیلت بھی بیان کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے بھی مقدس ترین مقام ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی زیارت اور وہاں عبادت کی سعادت میری بڑی خوش نصیبی ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں۔
ریما خان نے اپنے خاوند ڈاکٹر طارق شہاب کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کے سفر میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے موقع کی مناسبت سے شب معراج کے واقع کی تفصیلات بھی پوسٹ میں بیان کی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بڑی ’فین فالوئنگ‘ کی حامل ریما خان کو اس مقدس سفر پر مداحوں کی جانب سے مبارکبا دیں دی گئیں اور ساتھ ہی ان کی عبادات کی قبولیت کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
1990 کی دہائی میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں انٹری دینے والی اداکارہ ریما نے اپنے فلمی کیریئر میں 200 سے زائد فلمیں کیں۔ انہوں نے فلم کی ڈائریکشن بھی کی۔
اداکارہ نے اپنے فلمی کیرئیر میں ماڈلنگ کے علاوہ ٹی وی شوز کی میزبانی کی۔
اداکارہ ریما خان نے 2011 میں امریکہ میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی جس کے بعد اللہ تعالیٰ نے انہیں بیٹے کی نعمت سے نوازا۔
