اسلام آباد:پاکستان میں موجود تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی پیک اور دیگر پراجیکٹس پر کام کرنے والے باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے پر غور کیا جائے گا اور نئے سیکیورٹی پلان میں مقامی پولیس کا کردار بھی مؤثر بنایا جائے گا۔
سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والوں کی سیکیورٹی اسکرینگ کروائی جائے گی اور چینی باشندوں والے پراجیکٹس کی سیکیورٹی کے لیے سرویلینس بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ بھی صوبائی حکومتوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گی۔
چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر نظرثانی کا فیصلہ کراچی قونصلیٹ پر حملے کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد مستقبل میں ایسے حملوں کا تدارک کرنا ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کے روز کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا تھا۔ اسلام آباد میں موجود چینی قونصل خانے نے پاک فوج اور پولیس کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ ہم برقت ایکشن کو سراہتے ہیں۔
پاکستان اور چینی کی جانب سے حملے کو پاک چین تعلقات خراب کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔
