لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کے اثاثہ جات کی کل مالیت 84 کروڑ 59 لاکھ 53 ہزار559 روپے ہے، انہوں نے لاہور کے حلقہ این اے 125 کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی میں بتایا ہے کہ ایف بی آر کو جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق ان کے ذاتی اخراجات ایک کروڑ 85 لاکھ 51 ہزار238 روپے ہیں۔
ہم نیوز کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق مریم نواز کا بیٹا جنید صفدر، بیٹی ماہ نور صفدر اور خاوند محمد صفدر ان کے زیرکفالت ہیں جبکہ مہرالنسا صفدر شادی کے بعد ان کی کفالت میں نہیں رہیں۔
2016 کے مقابلے میں 2017 میں مریم نواز کے اثاثہ جات میں چار کروڑ 41 لاکھ 54 ہزار 464 روپے کا اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں ان کے اثاثہ جات کی کل مالیت 87 کروڑ 48 لاکھ 87 ہزار359 روپے ہے جس میں سے انہوں نے حسن نوازکا دو کروڑ 89 لاکھ 33 ہزار 800 روپے قرض دینا ہے، ان کے کاغذات میں بیرون ملک اثاثہ جات کی کوئی تفصیل موجود نہیں۔
دو سال میں مریم نواز کو چار کروڑ 92 لاکھ 77 ہزار 17 روپے کے تحائف ملے جبکہ انہوں نے 17 لاکھ 50 ہزار 368 روپے ٹیکس جمع کرایا، انہوں نے بچوں سمیت دو سال میں سات لاکھ روپے کا بین الاقوامی سفرکیا۔
مریم نواز کی زرعی جائیداد کی مالیت 84 کروڑ 22 لاکھ 20 ہزار 223 روپے ہے، موضع سلطان پورمیں ایک ہزار 92 کنال چھ مرلے 174 فٹ، موضع مال میں 337 کنال 12 مرلے، موضع بدوکی ثانی میں 62 کنال دو مرلے، موضع لکھو والا میں 14 کنال ایک مرلہ مریم نواز کی ملکیت ہے۔
ان کی نان بزنس سرمایہ کاری ایک کروڑ 59 لاکھ 22 ہزار448 روپے ہے، ان کے پاس 17 لاکھ 50 ہزار کی جیولری اور جواہرات جبکہ 62 لاکھ نو ہزار 544 روپے نقد رقم موجود ہے۔
چودھری شوگر ملز، حمزہ اسٹیل ملز، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز، حدیبیہ پیپرملز اور حدیبیہ انجینئرنگ ملز کے شیئرز مریم نواز کے پاس ہیں۔
