اسلام آباد: تھانہ نصیر آباد اور تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں ٹک ٹاکر ایمان پر تشدد اور اس کے بال کاٹنے کے معاملے میں ابتدائی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ایک سالگرہ کی تقریب کے دوران معمولی بحث کے بعد سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔ تحقیقات کے مطابق ایمان نے تقریب میں دوران گفتگو نظار خان عرف ارمان خان کے شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی دوسری لڑکی سے مبینہ تعلقات کا ذکر کیا۔
سامعہ حجاب اور رجب بٹ کی نازیبا گفتگو وائرل، صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا
یہ بات وہیں موجود نظار خان کی اہلیہ نے بھی سن لی جس پر تلخ کلامی ہوئی اور بعدازاں نظار خان سمیت دیگر افراد نے ایمان کو تشدد کا نشانہ بنایا اس کے بال کاٹے اور اس کی ویڈیو بھی بنائی۔
پولیس کی ایف آئی آر میں چار اہم ملزمان نظار خان عرف ارمان خان، انیس خان عرف دورانی، جلیل عرف مٹھو اور جبار خان نامزد ہیں جو تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے۔ ان کے ساتھ شامل لڑکیاں بھی روپوش ہیں جبکہ ایک مرکزی ملزم کے خیبر پختونخوا فرار ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر تنویر سپرا نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، پولیس کی تحویل میں موجود تین افراد سے بھی تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمان کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا ہے، واقعے کے وقت ثنا نامی لڑکی اور دیگر چار لڑکیاں اور چار لڑکے موقع پر موجود تھے جن کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔
والدین کے معافی مانگنے پر حسن کو معاف کردیا، سامعہ حجاب
پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے تاہم کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، ذرائع نے مزید بتایا کہ انیس عرف درانی کے خیبر پختونخوا پہنچ جانے کے شواہد ملے ہیں، جس کے بعد پولیس ٹیم کو وہاں روانہ کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ لڑکی کو سالگرہ کی تقریب میں اس کی سہیلی ثنا اور دیگر نے اس وجہ سے بلایا تھا کہ ایمان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ تیزی سے مقبول ہو رہا تھا۔
