فضا میں ہونے والی شادی نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔ نجی طیارے میں ہونے والی شادی میں دلہا کی عمر 90 سال اور دلہن کی عمر 25 سال تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نجی طیارے میں ہونے والی شادی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ جس میں انوکھی بات یہ ہے کہ دلہا کی عمر 90 سال اور دلہن کی عمر 25 سال ہے۔
فوٹوگرافر نے اس شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو وائرل ہو گئی۔
فوٹوگرافر کے مطابق فضا میں ہونے والی اس شادی کی تقریب نجی طیارے میں رکھی گئی تھی۔ جہاں اصلی پھولوں سے دلکش سجاوٹ کی گئی تھی۔ اور شادی کے بندھن میں بندھنے والا جوڑا فضا میں ایک دوسرے سے عہد وفا کر رہا تھا۔
شادی کی ویڈیو شیئر کرنے والی فوٹوگرافر نے لکھا کہ انہوں نے بہت سی شادیوں کی کوریج کی ہے۔ تاہم ایسی شادی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ محبت کی کہانیاں ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتیں اور یہی ان کی انفرادیت انہیں یادگار بنا دیتی ہے۔
اس شادی نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔ ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے سامنے آنا شروع ہو گئے۔ بعض افراد نے عمر کے نمایاں فرق پر حیرت کا اظہار کیا۔ تو کئی صارفین نے مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں تبصرے کیے۔
View this post on Instagram
متعدد صارفین نے اس شادی کو جوڑے کا ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محبت اور رشتے کسی ایک معیار یا سانچے کے پابند نہیں ہوتے۔ ایسی غیر روایتی شادیاں ہی سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ اور بحث کا باعث بنتی ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ بہترین عمر ہے، اب سارا دن باہر گھوم پھر کر دھوکا دینے کا امکان ہی نہیں رہا‘‘، جبکہ ایک اور نے کہا کہ ’’وہ آخرکار سیٹل ہونے کے لیے تیار ہو گئے‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: سجدے سے دماغ پر پڑنے والے مثبت اثرات؛ سائنس نے خصوصیات بتا دی
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ شادی کس ملک میں ہوئی اور دلہا دلہن کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان بھی سامنے نہیں آیا۔ تاہم ویڈیو بدستور سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے۔
