لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے آمدن سے زائد اثاثوں کی تمام تر تفصیلات قومی احتساب بیورو(نیب) کے حوالے کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹیکس کے معاملات کی ساری تفصیل بھی نیب کے حوالے کی گئی ہیں۔
شہباز شریف کی مکمل جائیداد اور ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ نیب کی جانب سے طلب کرنے پر فراہم کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کو فراہم کیے گئے ریکارڈ میں 1997 سے 2004 تک کے تمام اکائونٹس کی تفصیل شامل ہے۔
قومی احتساب بیورو کو 2007 سے 2018 تک کے اکاؤنٹس اور جائیداد کا ریکارڈ بھی فراہم کیا گیا ہے جس میں شہباز شریف کی ظاہر کردہ جائیداد، اکاؤنٹس اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔
نیب سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کی تحقیقات کررہا ہے۔ گرفتاری کے بعد شہبازشریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔
اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور من پسند افراد کو ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔ نیب نے انہیں پانچ اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔
شہباز شریف سمیت آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
