لاہور: مسلم لیگ نون کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت کی۔ آٹھ ارب کا پروجیکٹ 80 ارب تک پہنچ گیا لیکن نیب عمران خان کو گرفتار نہیں کرے گی۔
مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگیزب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک سیاہ دن ہے۔ اس شخص کو گرفتار کیا گیا جو پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا لیڈر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالف ہمیں سیاسی شکست نہ دے سکے جب کہ موجودہ حکومت نیب کو استعمال کر کے سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی موت ہوئی جو سب کے سامنے ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی ترقی شہباز شرہف کا اصل جرم ہے، صدر مسلم لیگ نون نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو موٹروے کے ذریعے ایک دوسرے علاقے سے جوڑا جب کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں ایک پیسہ بھی حکومت کا استعمال نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر نیب آزاد ہے تو وزیر اطلاعات کہتے ہیں ابھی ایک گرفتاری ہوٸی ہے، میں پوچھتی ہوں آپ کس کو ڈرانا چاہتے ہیں۔ گرفتاریوں سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب ایک ریفرنس داٸر کرے جس میں جرم کے بارے میں اگر کوٸی شواہد ملا ہے تو اس کو پیش کریں اور پھر اس ریفرنس کا ٹراٸل بھی کریں۔
