واشنگٹن: امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی معاہدہ پراختلافات ختم ہو گئے ہیں جس کے بعد کینیڈا، امریکہ اور میکسیکو کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے میں شامل ہو گیا۔
کنیڈا، امریکہ اور میکسیکو ایک نئے جدید تجارتی معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس، کنیڈا، میکسیکو ایگریمنٹ (یوایس ایم سی اے) نارتھ امریکہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ (نافٹا) کی جگہ لے گا۔
امریکہ اور میکسیکو نے نئے معاہدہ پر گزشتہ ماہ دستخط کیے تھے، کینیڈا امریکہ سے اختلافات کے باعث معاہدہ میں شامل نہیں ہوا تھا۔ نئے معاہدہ کے تحت امریکہ کو کینیڈا کی ڈیری مارکیٹ تک رسائی میں آسانیاں ملی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے آٹو سیکٹر پر لگائے گئے ٹیرف پر تحفظات بھی دور کر دیے گئے ہیں۔
امریکہ چاہتا تھا کہ کینیڈا امریکی ڈیری مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی دے، اور ادویات کیلئے پیٹینٹ پروٹیکشن دے۔ امریکہ کا مطالبہ تھا کہ اوٹاوا سرمایہ کاروں اور حکومت کے درمیاں تنازعات کو حل کرنے کے لیے قائم عالمی پینلز کو ختم کرے۔ ان معاملات پر اختلافات کی وجہ سے گزشتہ مہینے امریکہ اور کنیڈا کے درمیان تجارتی معاہدہ نہیں ہو سکا تھا۔
امریکہ کے تجارتی نمائندے رابرٹ لاتھیزر اور کینڈا کے وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے معاہدے کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ یوایس ایم سی اے ہمارے ورکرز، کسانوں اور بزنس مینز کے لیے اعلی معیار کا تجارتی معاہدہ ثابت ہوگا۔
دونوں ملکوں کے حکام کا کہنا ہے کہ معاہدہ کے نتیجہ میں ذیادہ آزاد مارکیٹ، ذیادہ شفاف تجارت اورمضبوط معاشی شرح نمو حاصل ہو سکے گی۔
