لاہور: سابق اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق کی ریٹائرمنٹ کے کئی سال بعد کرکٹ میں واپسی ہو رہی ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی جانب سے اگلے ماہ ہونے والے ابوظہبی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔
یہ ٹورنامنٹ 4 سے 6 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں 4 انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہوں گے۔
عبدالرزاق کے علاوہ سابق اوپنر عمران نذیر بھی اس ایونٹ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم میں چار بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت لازمی ہو گی۔
عبدالرزاق نے لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کے لیے بہت پر جوش ہیں۔
اس ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش سے ہوبارٹ ہری کینز، انگلینڈ کی ٹی20 بلاسٹ سے یارک شائر وائیکنگز، ساوتھ افریقہ سے ملٹی پلائے ٹائی ٹینز، افغانستان سے بوسٹ ڈی فینڈرز اور پاکستان سے لاہور قلندرز اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔
ابو ظہبی ٹی ٹوینٹی ٹورلیگ کا فائنل 6 اکتوبر کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
