کراچی: صوبائی حکومت نے عدالت عالیہ سندھ کے حکم پر سانحہ بارہ مئی 2007 کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ہونگے۔
جے آئی ٹی دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کریگی۔
سندھ ہائی کورٹ نے اس مہینہ کے اوائل میں سابق چیف جسٹس کی کراچی آمد کے موقع پر برپا کیے جانے والے سانحہ 12 مئی 2007 کی از سر نو تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔ عدالت نے ہر دو ہفتے میں پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ 12 مئی از سر نو تحقیقت کی درخواست کا فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات کے لیے کمیشن اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا حکم بھی دیا۔
عدالتی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے حوالے سے ایک سینئر جج کو بھی مقرر کریں اور سانحہ کے حوالے سے درج 65 مقدمات کی تحقیقات کی جائیں جن میں سے بیشتر اے کلاس ہوچکے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ سندھ حکومت 12 مئی کے مقدمات کے حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو تحقیقات کے حوالے سے ایک خط لکھے جب کہ ٹرائل کورٹ سے بھی پیش رفت رپورٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
