نیو یارک: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک امریکہ تعلقات کو بحال کرنے اوربہتر طور پر استوار کرنے پہ اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
یہ بات پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے اعزازیے میں ملاقات ہوئی تو پاک امریکہ تعلقات پر بات چیت کا موقع ملا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاک امریکا تعلقات کو ازسر نو تعمیر کرنے کی ضرورت پر زور دیا توامریکی صدر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعالقات کوبہتر طرز پر استوار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی وی کو بتایا کہ اسی دوران ان کی امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ دوںوں کے درمیان آئندہ ملاقات دو اکتوبر کو واشنگٹن میں ہوگی۔
پاکستانی وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوئی۔
