دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے شارجہ میں ہونے والی ٹی10 لیگ کو قانونی لیگ کا درجہ دے دیا ہے۔
اس بات کا اعلان آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے منگل کے روز دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات آئی سی سی کا رکن ملک ہے اور کسی ممبر پر ایک سے زائد لیگ کرانے کی پابندی عائد نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کو اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔
رچرڈسن نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کے اچھے یا برے ہونے کا فیصلہ امارات کرکٹ بورڈ پر چھوڑتے ہیں، اگر وہ اسے بہتر سمجھتے ہیں تو ہم اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
گذشتہ روز پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ٹی 10 لیگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے سے قبل آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی طلب کی تھی۔
رچرڈسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے احسان مانی کا بیان پڑھا ہے، اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے ٹی 10 لیگ کے حوالے کوئی باضابطہ اعتراض نہیں اٹھایا ہے۔
پچھلے سال سے شروع ہونے والی مختصر ترین فارمیٹ کی لیگ کو عوام میں بہت پذیرائی ملی تھی جس کے بعد ایونٹ میں رواں سال دو نئی ٹیموں کا اضافہ کیا گیا تھا۔
