اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا کی ہے کہ وہ شریف فیملی کے ریفرنسز منتقل کرنے کے خلاف اپنی درخواست واپس لینا چاہتا ہے۔
نیب کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت نمبر دو عدالت عظمیٰ کے حکم سے چھ ہفتے میں نیب ریفرنسز کی سماعت مکمل کرے گی۔ اس لیے نیب اپنی درخواست واپس لینا چاہتی ہے۔
قومی احتساب بیورو نے اپنی سابقہ درخواست واپس لینے کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنسز منتقلی کے خلاف درخواست تیز ٹرائل کو متاثر کرنے کی وجوہات کو سامنے رکھ کر دائر کی گئی تھی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ منگل کے روز نیب کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سے دوسری عدالت منتقل کرنےکی اپیل کی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا۔
نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
