لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کا نظام ہوگا اور وہی اس میں با اختیار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام موجودہ اسٹیٹس کو ختم کردے گا۔
وہ نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کے جائزہ اجلاس سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وزراء،سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنایا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس بھی رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام وضع کیا جارہا ہے جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے نظام میں شفافیت کوہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھاجائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگا اور عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں اہم کردارادا کرے گا۔
