راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 13 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سزا پانے والے دہشت گرد مسلح افواج پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، انہوں نے 202 افراد کو شہید کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والوں میں 151 عام شہری جبکہ 51 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تھے۔ سزائے موت پانے والے دہشت گردوں نے 249 افراد کو زخمی بھی کیا تھا۔
ان تمام دہشت گردوں کے مقدمات خصوصی فوجی عدالتوں میں چلائے گئے، سات ملزمان کو قید کی سزائیں بھی سنائی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سزا پانے والے میں منیر رحمان، محمد بشیر، رشید اکبر نوانی، حافظ عبداللہ، بخت اللہ خان ، شاہ خان اور محمد سہیل خان شامل ہیں۔
سزا موت پانے والے مزید ملزموں میں داود شاہ ، محمد منیر ، حبیب اللہ اور محمد آصف، گل شاہ جلال حسین اور علی شیر بھی شامل ہیں۔
