لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بیوروکریسی کے دائرے میں مداخلت نہیں کرے گی، مشکل حالات میں سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت صوبائی سیکرٹریز کا اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کرنے کے لیے بیوروکریسی کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، سیکرٹریز کارکردگی دکھائیں کیونکہ ان کا متحرک ہونا موجودہ حکومت کے لئے معاون ثابت ہو گا۔
وزیراعظم نے 60 کی دہائی کا حوالہ دیا جب بیوروکریسی کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہوا کرتا تھا، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سرکاری ملازمین عزم اور ہمت کے ساتھ اپنی ذمہ داری سر انجام دیں گے۔
انہوں نے حکومت کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سروس کی ترسیل، شفافیت اور ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ملک کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بیوروکریسی کے کردار کو نمایاں کیا۔
