کراچی: جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حادثہ میں زندگی سے محروم ہونے والے افراد کا تعلق کراچی کے ایک ہی علاقے میمن گوٹھ سے ہے جو لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر زیارت کے لیے سہون شریف جارہے تھے۔
پولیس نے تصدیق کی تھی کہ گاڑی نمبر سی ڈبلیو 1054 کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جس میں آٹھ نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور متاثرین کو کراچی منتقل کیا گیا۔
جاں بحق افراد کی شناخت حنیف میمن، زبیرمیمن، عبدالغنی، دانیال غلام حسین، عبدالحمید، مشتاق جیلانی، عبدالغنی، عمران عبدالغنی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سڑک حادثہ میں ایک نوجوان زخمی بھی ہوا جس کی شناخت اظہر جلیل میمن کے نام سے ہوئی ہے۔
میمن گوٹھ میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی تو لواحقین اور اہل علاقہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
