جکارتہ: ایشین گیمز2018 کے والی بال مقابلوں میں پاکستان نے چین کو دو کے مقابلے تین سیٹس سے شکست دے دی ہے۔
انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز2018 کے 13ویں دن والی بال مقابلوں میں پاکستان اور چین کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں قومی ٹیم کو تین اور حریف ٹیم کو دو سیٹس میں کامیابی ملی۔
کھیل کے پہلے دو سیٹس میں قومی والی بال ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی جس کے سبب ہار کا سامنا کرنا پڑا تاہم بعد میں سنسنی خیز مقابلوں اور متاثر کن کارکردگی کے سبب پاکستان کو کامیابی ملی۔
چین کو شکست دینے کے بعد قومی والی بال ٹیم یکم ستمبر کو ساتویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلے گی۔
قبل ازیں 28 اگست کو پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو تین کے مقابلے ایک سیٹ سے شکست دی تھی۔
میچ میں بھارت نے 21-25 سے پہلا سیٹ جیتا جس کے بعد پاکستان نے روایتی حریف کو دوسرے سیٹ میں 21۔25، تیسرے سیٹ میں21۔25 اور چوتھے سیٹ میں 23۔25 سے شکست دی۔
