راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سینیٹر جان مکین کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے دوست تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جان مکین کو جنگی ہیرو قرار دیتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وہ پاک امریکہ تعلقات کی بہتری چاہتے تھے۔
پاکستانی سپہ سالار نے جان مکین کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار بھی کیا۔
پیر کے روز سامنے آنے والے تعزیتی بیان میں جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے عالمی سطح پر امریکہ کی بھرپور نمائندگی کی۔
COAS conveys condolences to bereaved family of deceased Sen. John McCain. “McCain was a distinguished war veteran and an accomplished representative of his country. A friend of Pakistan who believed in great potential of Pak-US relations for common good of both countries”, COAS.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) 27 August 2018
امریکی سینیٹر جان مکین 81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ جولائی 2017 سے دماغی کینسر میں مبتلا امریکی سینیٹر نے ادویات لینا ترک کر دی تھیں جس کا باقاعدہ اعلان ان کے اہل خانہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس میں تصدیق کی گئی تھی گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ان کی طبیعت تشویشناک حد تک خراب ہوئی، جس کا اندازہ ان کے اہل خانہ کو تھا اور انہوں نے ذرائع ابلاغ کے سامنے اس کا اظہار بھی کیا تھا۔
ریاست ایری زونا سے منتخب ہونے والے سینیٹر نے 2000 اور 2008 کے امریکی صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لیا لیکن کامیاب نہیں ہو سکے، وہ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نامزد ہوئے تھے۔
