لاہور: ویسٹ منیجمنٹ کمپنی لاہور کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ بٹ نے اعتراف کیا ہے کہ شہر میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے میں کچھ دیر کے لیے مسائل درپیش ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن جلد ہی مسائل پر قابو پالیا اورآلائشیں اٹھا دی گئیں۔
فرخ بٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شالیمار سمیت شہر کے دیگر علاقوں مسائل تھے مگر ان پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 14 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ایک دن میں اٹھائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے لارڈ مئیر کے بیانات سے لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کے حوصلے پست ہوئے اور وہ مایوس ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندگی کو سب مل کر ہی صاف کر سکتے ہیں۔
فرخ بٹ نے کہا کہ ویسٹ بیگز جوانہوں نے چیک کیے ہیں وہ بالکل ٹھیک تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی کار کردگی کو دیکھنا ہے اور سیاسی معاملات کو کم سے کم رکھنا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی بھی اپیل کی۔
ڈی سی لاہور کیپٹن (ریٹائرڈ) انوار الحق نے شہر میں صفائی مہم کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی روزانہ کی بنیاد پر کپیسٹی عید کے دنوں سےبہت کم ہوتی ہے اس لیے کچھ دیر کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے بھی کارکردگی میں تھوڑا فرق آیا تھا مگر اب کچھ فنڈز ملنے سے حالات بہتر ہو چکے ہیں جوآئندہ دو دن میں مزید بہتر ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا جہاں نشاندہی ہوتی ہے وہاں لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا آلائیشیں اٹھانے کیلئے ہر یوسی میں پانچ گاڑیاں لگائی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سری پائے بھوننے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈی سی لاہور کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق نے کہا کہ وہ مئیر صاحب کی طرح بلیم گیم میں پڑنا نہں چاہتے ہیں۔
