اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چار ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں عارف علوی کو صدر پاکستان کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ نے میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صدارت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
PTI has nominated Dr Arif Alvi as its candidate for President of Islamic Republic of Pakistan #PTI
— Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 18, 2018
صدر مملکت ممنون حسین کی صدارت کی مدت رواں سال آٹھ ستمبر کو ختم ہو رہی ہے اور آئین پاکستان کے مطابق یہ مدت ختم ہونے سے کم سے کم 30 روز قبل صدارتی انتخاب ہونا ضروری ہے۔
پاکستان میں صدر کے انتخاب کی ذمہ داری الیکٹورل کالج پر عائد ہوتی ہے جو آئین پاکستان کی شق 41 (3) کے تحت اراکین سینیٹ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے پاکستان کے آئندہ صدر کے لیے صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق صدارتی انتخابات چار ستمبرکو ہوں گے۔
ای سی پی نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی حتمی تاریخ 27 اگست مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 اگست تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے کاغذات 30 اگست تک واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 30 اگست کو ہی جاری کی جائے گی۔
