اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے آج قومی اور صوبائی اسمبلی کے 30 سے زائد حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ نے شیڈول کی سمری منظوری کےلیے بھجوا دی ہے جس میں ضمنی انتخاب کرانے کے لیے تین الگ الگ تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔
معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں ضمنی انتخابات آٹھ، نو یا دس اکتوبر کو کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن ایک تاریخ مقرر کر کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔
ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 19 سے زائد حلقوں پر انتخاب کرایا جائے گا۔
قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر انتخابات ملتوی ہوئے تھے جب کہ چھ نشستیں پی ٹی آئی، دو نشستیں ق لیگ اور دو نشست ن لیگ کے شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی جانب سے ایک سے زائد نشستوں پر کامیابی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35، این اے 53، این اے 60، این اے 65، این اے69، این اے103، این اے 124، این اے131 اور این اے243 میں ضمنی انتخاب ہوگا۔
